وارانسی ، 18 مارچ ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی کی ’چوکیدار مہم‘ پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے زور دار حملہ کیا ہے۔پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ غریب لوگوں کے چوکیدار نہیں ہوتے۔انہوں نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راہل ٹھیک کہتے ہیں کہ چوکیدار کسانوں کا نہیں امیروں کا ہوتا ہے۔پرینکا گاندھی نے کہاکہ ان کی مرضی وہ (پی ایم مودی) اپنے نام کے آگے کیا سرچ کریں،مجھے ایک کسان بھائی نے کہا ہے کہ دیکھئے چوکیدار تو امیروں کے ہوتے ہیں،ہم کسان تو اپنے چوکیدار خود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ملک کے مفاد کا الیکشن ہے۔مرکزی وزیر ثقافت ڈاکٹر مہیش شرما کے بیان کو لے کر پرینکا گاندھی نے طنز کستے ہوئے کہاکہ پی ایم مودی سے لے کر بی جے پی کے باقی لیڈر کون اچھے الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں؟۔بتا دیں کہ مہیش شرما یوپی کے سکندرآباد میں کہاکہ پپو کہتا ہے کہ میں وزیر اعظم بنوں گا،اب تو پپو کی بہن بھی آ گئی ہیں۔